وزیراعظم کی موجودہ صورتحال سے عوام کو آگاہ کرنے کی ہدایت

شائع 09 مئ 2020 04:28pm
فائل فوٹو

وزیراعظم نے کورونا وائرس متاثرین کے ساتھ ناروا سلوک روا رکھنے کے واقعات کی رپورٹ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے موجودہ صورتحال کے حوالے سے عوام الناس میں بھرپور آگاہی اجاگر کرنے کی ہدایت کر دی۔عمران خان کہتے ہیں ناروا طرز عمل ناقابل برداشت ہے۔ عوام اگر کوروناوائرس کی علامات محسوس کریں تو فوری اور بلا خوف ٹیسٹ کےلئے رجوع کریں۔

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت نیشنل ہیلتھ ٹاسک فورس کا اجلاس ہوا۔

چیئرمین نیشنل ہیلتھ ٹاسک فورس ڈاکٹر نوشیروان برکی، معاون خصوصی ظفر مرزا نے شرکت کی۔ صوبائی وزرائے صحت اور سینئر افسران  ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک تھے۔

وزیراعظم کے فوکل پرسن برائے کوویڈ-19 ڈاکٹر فیصل بھی اجلاس میں شریک تھے۔

صوبائی وزراء صحت نے ڈاکٹروں اور طبی عملے کی حفاظت و سہولت کے اقدامات سے آگاہ کیا۔ کورونا ٹیسٹنگ کی استعداد میں اضافے کے حوالے سے بھی شرکاء کو بریف کیا گیا۔

ڈاکٹر فیصل نے کورونا وائرس متاثرین کے اعدادوشمار، شرح اموات، کیسز کے تناسب کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان دوسرے ممالک کی نسبت کورونا وائرس سے کم متاثر ہوا ہے۔

یاسمین راشد نے بتایا کہ مارچ کی نسبت کورونا وائرس کی ٹیسٹنگ لیبز کی تعداد کو 4 سے بڑھا کر 63 تک لے جایا جا چکا ہے۔ہوم قرنطینہ کے حوالے سے جلد باضابطہ لائحہ عمل کا اعلان کر دیا جائے گا۔

وزیراعظم نے موجودہ صورتحال کے حوالے سے عوام الناس میں بھرپور آگاہی اجاگر کرنے کی ہدایت کی۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ کورونا وائرس سے متاثرہ شخص کے ساتھ نہایت ذمہ داری سے پیش آئیں۔